اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت موضوعاتی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوئے، جن میں دنیا بھر سے آئے ممتاز بدھ مت راہبوں، اعلیٰ سرکاری حکام اور ماہرین آثار قدیمہ و ثقافت نے شرکت کی۔
اجلاسوں میں پاکستان کے بدھ مت ورثے کے تحفظ، مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور بدھ مت زائرین کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے ٹاسک فورس برائے گندھارا کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت نے موضوعاتی اجلاسوں کا آغاز کرتے ہوئے ڈائیلاگ کے اہم مقاصد اور پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے کو ثقافتی تحفظ، بین الاقوامی روابط اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پہلے اجلاس میں آثار قدیمہ کے تحفظ اور تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر غور کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد اور پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ظہیر عباس ملک نے اپنے اپنے صوبوں میں بدھ مت کے تاریخی مقامات، جاری حفاظتی اقدامات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اقدامات، ان کے گردونواح میں تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندیوں اور مقامی آبادی کو ورثے کے تحفظ میں شریک کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ بدھ مت راہبوں نے تاریخی مقامات کے اطراف قدرتی ماحول اور مناظر کے تحفظ، تاریخی واقعات کو کہانیوں اور اینیمیشن کے ذریعے نئی نسل تک پہنچانے اور گندھارا تہذیب کے ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی تجاویز پیش کیں۔
دوسرے موضوعاتی اجلاس میں بدھ مت زائرین کے لیے ویزا سہولیات، انتظامی رابطہ کاری اور پاکستان کے عالمی تشخص کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے ٹاسک فورس کی جانب سے ویزا درخواستوں میں بدھ مت کے لیے الگ کیٹیگری متعارف کرانے، راہبوں اور زائرین کو طویل المدتی ویزے جاری کرنے اور سفارت کاروں و غیر ملکی مسافروں کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔
اجلاس میں بدھ مت راہبوں کے ذریعے پاکستان کے تاریخی ورثے، مہمان نوازی اور ثقافتی تنوع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے راہب اپنے خطبات، تحریروں اور عالمی مذہبی و علمی روابط کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر کی بدھ مت برادری تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔











