راولپنڈی،19نومبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے بالخصوص سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔











