اسلام آباد۔15 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی ساکھ اور عالمی اہمیت پوری دنیا میں اجاگر ہو رہی ہے، اور عالمی سطح پر ہونے والی کانفرنس اور کثیر الجہتی فورمز کی صدارت ملک کی سفارتی کامیابیوں میں مزید اضافہ کرے گی۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ برس شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کی میزبانی کے بعد رواں سال بھی پاکستان میں یکے بعد دیگرے بڑے عالمی ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں اور مختلف ممالک کے صدور اور وزراء پاکستان آ رہے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے سلسلے میں غیر ملکی وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد ایک بڑی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں معاشی ترقی، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں انتہائی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے، اور گزشتہ چند برسوں میں وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے۔ گزشتہ روز اردن کے رائل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سرفہرست شامل کیا جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے حوالے سے بھی پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مقامی، غیر ملکی اور وفود کے ہمراہ آئے ہوئے صحافیوں کے لیے ایک ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت اور سافٹ امیج پیش کرنا تھا۔ اس تقریب میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقائی ترانے بجائے گئے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ پشتون میوزک بینڈ “خماریاں” نے بھی پرفارم کیا۔











