فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چین کے وزیر لیو ہائی شینگ کی جی ایچ کیو میں ملاقات

3

راولپنڈی، 2 0نومبر(اے پی پی):  چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شینگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں ممالک کے تاریخی اور آزمودہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی روابط، ادارہ جاتی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان و چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔