اسلام آباد ،13 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل ملکی برآمدات، صنعتی ترقی اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکومت معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن، برآمدات میں اضافے اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دورے کے موقع پر غیر ملکی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے فورم میں قائم مختلف نمائشی اسٹالز کا معائنہ کیا اور پاکستان کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق نمائشوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر جام کمال خان نے مختلف ممالک کے سفیروں، ٹریڈ کمشنرز، سرمایہ کاروں، غیر ملکی وفود اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے اور اس شعبے میں عالمی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت معدنی وسائل کی مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نمائش کنندگان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور عالمی تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔











