منبر و محراب سے معاشرتی اصلاح کی مہم 27 نومبر سے شروع ، کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس

8

ملتان،17 نومبر(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے، اخلاقی اقدار کے فروغ اور نئی نسل کی بہتر تربیت کے لیے علماء کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ منبر و محراب سے معاشرتی اصلاح کا پیغام عام کرنے کے لیے ملتان ڈویژن کی مساجد میں خصوصی آگاہی مہم کا آغاز 27 نومبر سے کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں اضلاع ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مساجد کے خطباتِ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات کو زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں علماء کرام کی مشاورت سے معاشرتی اصلاح کے لیے 40 اہم موضوعات مرتب کیے گئے، جن میں منشیات کی روک تھام، نوجوانوں کا تحفظ اور ان کی بحالی کو پہلے موضوع کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کی ذمہ داریاں، بچوں کی تربیت، اساتذہ کا احترام، خواتین کے حقوق، شہری ذمہ داریاں، ایمانداری، صفائی ستھرائی، حقوق العباد اور اخلاقی اقدار کے فروغ کو بھی مہم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ہر ماہ ایک جمعہ معاشرتی اصلاح کے موضوعات کے لیے مختص کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ علمائے کرام اپنے اپنے مکاتب فکر کے ائمہ اور خطباء تک اس مہم کا پیغام پہنچائیں گے، جبکہ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کے ذریعے سماجی آگاہی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتالوں کے انتظار گاہوں میں قرآن پاک، سیرت النبی ﷺ اور اسلامی تاریخ کی کتب پر مشتمل بک ریکس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو انتظار کے دوران مطالعے کی سہولت میسر آسکے۔

اجلاس میں شریک علماء کرام نے معاشرتی اصلاح کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں تک اس پیغام کو پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ منبر و محراب کے ذریعے معاشرتی برائیوں کے خلاف شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ملتان ڈویژن سے شروع ہونے والی اس مہم کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔