نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات، سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے تحت پیش رفت کا جائزہ

4

اسلام آباد۔19نومبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کائو کم ہورن کے درمیان جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 نائب وزیراعظم نے پاکستان اور آسیان کے رکن ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے لیے وظائف، طلبہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں فریقین نے علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 آسیان کے سیکرٹری جنرل نے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔نائب وزیراعظم نے آسیان سیکرٹریٹ اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے اور اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔