انطالیہ، 11 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز انطالیہ، ترکیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے تحت 31ویں کانفرنسکے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشتکے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ایرانی صدر نے صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی پاکستان اور ایران کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تہران کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔
مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں فریقین نے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔











