لاہور، 05 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں گورننس، صفائی، عوامی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کی بہتری کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تین دن کی مہلت دے دی ہے۔ انہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر 100 فیصد کنٹرول اور بیوٹیفکیشن منصوبوں میں پائیداری و معیار یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ معاون خصوصی شعیب مرزا نے اضلاع کی کارکردگی سے متعلق کے پی آئی رپورٹ پیش کی۔ مری، گوجرانوالہ، اٹک، بہاولپور، چکوال، جہلم، لیہ اور ساہیوال کی بہترین کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ بعض اضلاع میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل اور معیار میں غفلت پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ ہسپتالوں کے دورے کرنے، ہسپتالوں کی ڈیپ کلیننگ اور سڑکوں کی دھلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گورننس اور روڈ مینٹی ننس کے لیے خصوصی اسکواڈ قائم کرنے کا حکم دیا جو روزانہ 12 گھنٹے معائنہ اور مسائل کے فوری حل کے لیے کام کریں گے۔ اسٹریٹ لائٹس اور مین ہولز کو مکمل فعال و محفوظ بنانے، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت، بس ٹرمینلز اور گرین بس شیڈز کی صفائی و دیکھ بھال کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ آپریشن، وال چاکنگ، پھٹے ہوئے بینرز اور غیر ضروری اشتہارات ہٹانے، کھلے پلاٹوں میں کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے آوارہ کتوں پر قابو پانے اور اسکولوں کے اطراف زیبرا کراسنگ اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے ضلع کی معاشی ترقی کے لیے ڈسٹرکٹ اکنامک پلان تیار کرے اور جامعات و کالجز میں جا کر طلبہ کو ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرے۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے بیوٹیفکیشن منصوبوں، ای بز، ستھرا پنجاب، ہسپتالوں، سکولوں، پرائس کنٹرول، روڈ سیفٹی اور شہری سہولیات کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔











