پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

9

 

اسلام آباد، 14 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ایتھوپین ہم منصب یاسمین وہابربی سے ورچوئل اجلاس ہوا۔اجلاس میں دونوں ممالک کے سفرا، سیکرٹری تجارت جواد پال اور اعلیٰ حکام نے ورچوئل شرکت کی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، ایتھوپیا مشرقی افریقی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔دونوں ممالک کا تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔پاکستان اور ایتھوپیا کا ادویات کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں ایتھوپیا کی عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایتھوپین وزیر تجارت نے بتایا کہ ایتھوپیا نے 17 میں سے 11 دوطرفہ تجارتی معاہدے مکمل کر لیے ہیں اور ڈبلیو ٹی او میں شمولیت کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی۔سیکرٹری تجارت جواد پال نے کہا کہ تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ادارہ جاتی روابط ضروری ہیں۔

دونوں ممالک کا مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس بلانے پر تبادلہ خیال ہوا۔دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ بروقت فیصلوں سے دوطرفہ تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔