پاکستان اور ترکیہ کا ڈیجیٹل میڈیا گورننس اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

6

اسلام آباد، 19 نومبر ( اے پی پی) :وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل شعبے میں ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی، آن لائن شہریوں کا تحفظ اور غیر مصدقہ و گمراہ کن معلومات کا تدارک ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور جوابدہ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ قریبی روابط اور مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔معاونِ خصوصی فہد ہارون نے جمہوریہ ترکیہ کے ایوانِ صدر کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، تجربات کے تبادلے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر گفتگو کی۔
فریقین نے غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام، آن لائن تحفظ کے فروغ، ڈیجیٹل ماحول میں بچوں کی حفاظت، ڈیجیٹل میڈیا ریگولیشن اور بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ترک وفد کی قیادت ڈپٹی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر ڈاکٹر فرحت پیرنچی کر رہے تھے، جبکہ اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروغلو اور ایوانِ صدر ترکیہ کے شعبہ اسٹریٹجک کمیونیکیشنز و کرائسز مینجمنٹ کے سربراہ قاسم الیری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے مسلسل رابطوں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی اشتراک کے ذریعے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستانی جانب سے چیئرپرسن پیمرا امبرین جان، ایگزیکٹو ممبر پیمرا بیرسٹر سکندر چوہدری، وزارتِ خارجہ اور میڈیا اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔