اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل روشن بنانے کے لیے واضح پالیسیوں، مؤثر حکمت عملی، نجی شعبے کے ساتھ تعاون اور پالیسیوں میں تسلسل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، حکومت معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
چھٹے پاکستان پراسپرٹی فورم (6th Pakistan Prosperity Forum) سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادے کے لیے داخلی معاشی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار مؤثر پالیسی سازی، سازگار کاروباری ماحول اور منصفانہ مارکیٹ نظام کو فروغ دینا ہے، جبکہ نجی شعبے کی مہارت، سرمایہ کاری اور کاروباری صلاحیتیں معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور جدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
محمد علی نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔ حکومت سازگار ماحول اور پالیسی معاونت فراہم کرتی ہے جبکہ نجی شعبہ سرمایہ کاری، جدید انتظامی مہارت اور کاروباری نظم و ضبط کے ذریعے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو قومی ترقی کے لیے ایک مؤثر ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے عوامی اثاثوں اور حکومتی نگرانی کو برقرار رکھتے ہوئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مہارت سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں ایم 6 موٹروے، کراچی انڈسٹریل پارک، اسلام آباد ٹیکنوپولس اور سی ڈی اے ہسپتال جیسے منصوبوں کو اہم قرار دیا۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور شفاف طریقہ کار ضروری ہے۔ سرمایہ کار ایسے ماحول کو ترجیح دیتے ہیں جہاں واضح قواعد و ضوابط، مؤثر نگرانی اور طویل المدتی پالیسی سمت موجود ہو۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا اصل مقصد نئی معاشی قدر پیدا کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا، ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانا اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
پرائم انسٹیٹیوٹ (PRIME Institute) کے زیر اہتمام منعقدہ فورم میں ادارے کے سی ای او ڈاکٹر علی سلمان، عالمی مالیاتی فنڈ کے ریذیڈنٹ نمائندے ڈاکٹر ماہر سمیت دیگر معزز مندوبین نے شرکت کی۔











