ملتان، 03 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیشل اسسٹنٹ برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پاکستان کو 2027 تک پولیو فری بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، پولیو کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کے ہمراہ پولیو مہم کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ جاری پولیو مہم کے ابتدائی دو روز کے دوران ملتان میں 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں اور تاحال کسی قسم کا کوئی انکار سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے علماء کرام کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ پولیو ورکرز کو تمام ضروری سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیو ورکرز بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ ان کا ریکارڈ بھی مرتب کرتے ہیں۔ پنجاب نے پولیو کے خاتمے کے مقررہ اہداف کے حصول میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ملتان میں پولیو وائرس کے سیمپلز منفی آنے کے باوجود پولیو کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











