چائنا کانفرنس: رانا مشہود کے دورۂ چین کے دوران پاکستان کے 11 تاریخی معاہدے، سب سے زیادہ معاہدے کرنے والا ملک بن گیا

9

اسلام آباد: 3 نومبر ( اے پی پی): چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خان کے دورۂ چین کا کامیاب اختتام ہو گیا ہے، جس کے دوران پاکستان نے 2026′ میں تمام شراکت دار ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ معاہدے طے کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کے “ہنر مند، بااختیار اور ڈیجیٹل پاکستان” کے وژن کے تحت اس دورے میں 11 پاک چین معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ نوجوانوں کے لیے 14 جدید اسکلز اور تعلیمی منصوبوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔پرائم منسٹر آفس کے مطابق ان معاہدوں کے تحت یونیورسٹی آف لاہور، غازی یونیورسٹی، نیوٹیک، پریسٹن یونیورسٹی اور پنجاب ٹیووٹا نے چینی اداروں کے ساتھ تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں سے میکاٹرونکس، گرین انرجی، نرسنگ، جدید زراعت اور ای کامرس جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی سطح کی تربیت اور روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔

دورے کی اہم پیش رفت کے طور پر چیئرمین پی ایم وائی پی رانا مشہود احمد خان نے کراس بارڈر ای کامرس ٹیلنٹ ٹریننگ بیس اور انٹرنیشنل نرسنگ ٹیلنٹ ٹریننگ بیس کی رونمائی کی، جبکہ چائنہ الیکٹرسٹی کونسل کے اشتراک سے انٹرنیشنل گرین پاور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ بیس کا مشترکہ آغاز بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت چیئرمین سے اہم مذاکرات کے بعد چائنہ ریلوے گروپ کے سیکرٹری ہان ہوئی پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں تاکہ پاکستانی نوجوانوں کی تربیت اور روزگار کی فراہمی پر عملی کام شروع کیا جا سکے۔

تعلیمی تبادلوں کے سلسلے میں جیلن کالج اسی ماہ (نومبر) سے 15 پاکستانی طلبہ کو چینی زبان کے خصوصی پروگرام میں داخلہ دے گا۔ رانا مشہود احمد خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت کی تمام تر توجہ نوجوانوں کو جدید صنعتی ضروریات کے مطابق فنی تربیت اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن کی فراہمی پر مرکوز ہے تاکہ ملک کو ڈیجیٹل اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔