لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا میں ضلع کا پہلا دستک مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

6

لودھراں،03 نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر جدیدسرکاری سہولیات کی فراہمی اور عوامی اعتماد کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اسی سلسلے میں تحصیل کہروڑپکا کی یونین کونسل 56 ڈھکنہ گھاڑو میں ضلع کے پہلے دستک مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے،جہاں شہریوں کو مختلف سرکاری اداروں کی خدمات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز اقرا عمر،فرخ اللہ خان،رخسانہ خالد،انچارج ای خدمت مرکز ثاقب چغتائی،ڈپٹی ڈائریکٹرز وسیم عباس، ملک ظفر، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر اللہ بچایا سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بتایا کہ دستک مرکز میں ڈومیسائل، گرین پارسل، لینڈ ٹرانسفر، فرد ملکیت، پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹس، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ایکسائز، واسا، نادرا، میپکو، لائیو اسٹاک، وائلڈ لائف، ایگری کلچر ایڈوائزری اور پولیس ویریفکیشن سمیت متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان مراکز میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے تاکہ شہریوں کے مسائل فوری اور مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ دستک مراکز ای خدمت سینٹرز کی طرز پر کوئیک رسپانس کے تحت خدمات فراہم کریں گے،جس سے شہریوں کو معمولی کاموں کے لیے مختلف سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ دستک مرکز ڈھکنہ گھاڑو کے قیام سے علاقے کے عوام کو ان کی رہائش کے قریب جدید سہولیات میسر آئیں گی،جبکہ سرکاری امور میں شفافیت، میرٹ کے فروغ اور کرپشن کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنا عملہ یونین کونسل ڈھکنہ گھاڑو میں تعینات کریں تاکہ مرکز کو جلد فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع لودھراں میں گیلے وال، جلہ آرائیں، گوگڑاں، خانواہ گھلواں، اڈا ذخیرہ اور ڈھکنہ گھاڑو سمیت مختلف مقامات پر دستک مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو شفافیت اور میرٹ کے مطابق ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے مزید رہنمائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا اقرا عمر اور انچارج ای خدمت مرکز ثاقب چغتائی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔