گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026؛ بین الاقوامی بدھ  مت رہنماؤں و دانشوروں کے وفد کا اسلام آباد میوزیم اور شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ

5

اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): ایشیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینئر بدھ مت کے  رہنماؤں، مذہبی شخصیات اور دانشوروں پر مشتمل ایک بین الاقوامی وفد نے منگل کو تین روزہ “گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026” کے سلسلے میں اسلام آباد میوزیم اور تاریخی شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ کیا۔ اس ڈائیلاگ کا موضوع “مشترکہ مستقبل کی جانب”‘ ہے۔

تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام، جاپان، کمبوڈیا، سری لنکا، جمہوریہ کوریا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے وفد کے اس دورے کا مقصد گندھارا کے مشترکہ بدھ مت ورثے کے تحفظ، فروغ اور عالمی سطح پر اس کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ اقدام وزیراعظم کے گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

وفد نے اسلام آباد میوزیم اور تاریخی شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ کیا، جو خطے کے بدھ مت سے وابستہ آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے اہم مقامات ہیں۔ اس موقع پر بدھ مذہبی رہنماؤں اور دانشوروں کو ان تاریخی مقامات کی اہمیت اور پاکستان کے قدیم بدھ مت ورثے کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جوائنٹ سیکرٹری سیدہ تنزیلہ سباحت بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔

یہ دورے گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے وسیع تر مقاصد کا حصہ ہیں، جس میں بین الاقوامی بدھ قیادت، مذہبی دانشور، ماہرین اور متعلقہ پاکستانی اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ ڈائیلاگ کا مقصد ثقافتی ورثے کے تحفظ، تحقیق، عالمی سطح پر رابطوں، زائرین کی سہولت اور مقامی آبادی کی شمولیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر عمران شوکت نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی بدھ مت برادری کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مزید مستحکم کرنے اور گندھارا کو مشترکہ تہذیبی ورثے کے طور پر اجاگر کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندھارا ثقافتی سفارت کاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی تعاون کے فروغ میں ایک مؤثر پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔