اسلام آباد ، 20 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو اورآصف زرداری کی نیب میں پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افہام تفہیم چاہتے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب روک دیا جائے۔جن لوگوں پر مقدمات ہیں انہیں ان کا سامنا کرنا ہوگا۔ایسا ممکن نہیں کہ آپ تحقیقات کے عمل کو متاثر کرسکیں گے ۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آ ج بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو نیب نے تفتیش کیلئے بلایا تھا اور پیشی کے موقع پر پی پی پی کے تقریبا 500کے قریب کارکنان جمع ہوئے اور بلاول خطاب ایسے کر رہے تھے جیسے سامنے لاکھوں کا مجمع ہو۔ بد قسمتی ہے کہ ان میں سے چند درجن لوگوں نے پولیس پر حملہ کیاجس سے 4پولیس اہلکار وں اور 2 کیمرہ مین کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، حملے پر پولیس نے صبر کا مظاہر کیا۔
وفاقی وزیر نے استفسار کیا کہ آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کو تفتیش کیلئے کیوں بلایا؟یہ رویہ کالعدم تنظیموں سے کس طرح مختلف ہے جن پر نیشنل ایکشن پلان کا نفاذہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے۔ امید ہے پی پی پی اور انکی قیادت اپنے رویے پر معذرت کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پولیس کی معاملے کو غیرجانبداری سے نمٹانے کی کوشش قابل ستائش ہے۔ہم پولیس کے اسی رویے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔آپ حد پار کر یں تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
سورس : وی این ایس، اسلام آباد











