لاہور،11اپریل(اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نئے ابھرتے ہوئے پاکستان میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں، ملک میں چیلنجز کے باوجود کاروبار کے بہترین مواقع موجود ہیں تاہم یہاں اعتماد کی فضاءکے قیام،ایمانداری اور شفافیت لانے کی ضرورت ہے۔ کاروبار میں آسانی پیدا کرنیوالے ممالک میں پاکستان کی رینکنگ پہلے سے بہت بہتر ہوئی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے نئی ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان خوش آئند ہے۔
وہ جمعرات کے روز گورنر ہاﺅس لاہور میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام بین الاقوامی ٹیکسٹائل ایکسپو کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل و پیداوار عبدالرزاق داﺅد، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نمائش میں 400 نمائش کنندگان کی طرف سے اپنی مصنوعات کے سٹال لگائے گئے جبکہ 300 غیر ملکی وفود بھی شرکت کر رہے ہیں اس سے نہ صرف پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو دوسرے ممالک میں پہچان حاصل ہو گی بلکہ اس سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود نمائش میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تاریخی مقامات کی سیر سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں جن میں لاہور میں شاہی قلعہ، شالیمار گارڈن سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معزز مہمان گلگت بلتستان ،کے پی کے کی خوبصورتی دیکھنے کے ساتھ ساتھ سندھ میں ساحل سمندر کا نظارہ بھی کرسکتے ہیں کیونکہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ اب ان علاقوں میں جانے کا کوئی مسئلہ نہیں اسی طرح حکومت پاکستان نے مختلف ممالک کو ای ویزہ اور ویزہ آن آرائیول کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ ویزہ پالیسی میں نرمی لانے کیلئے اقدامات کئے ہیں جس سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ کاروبار میں اضافہ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے ملک میں بڑی انڈسٹری آئے گی اسی طرح حکومت 7 سپیشل اکنامک زونز بنا رہی ہے جو جوائنٹ وینچر سمیت پاکستان میں انڈسٹری کے فروغ کی راہ ہموار کرینگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروبار میں آسانی پیدا کرنیوالے ممالک کی رینکنگ میں بہتری آئی جس طرح پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅدنے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ پاکستان کی ٹریڈ میں دل کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ نمائش میں امریکہ، یورپ، مڈل ایسٹ، چین، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔ ٹیکسپو کا مقصد پراڈکٹس کی تمام رینج کو ڈسپلے کرنا ہے کہ ملک کی برآمدات میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا حصہ 60 فیصد ہے جبکہ ہمارا گارمنٹس سیکٹر بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
سورس:وی این ایس لاہور











