قومی اسمبلی اجلاس، انتخابی (ترمیمی) آرڈیننس 2019ءمیں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

321

اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی): قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی انتخابات (ترمیمی) آرڈیننس 2019ءمیں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم سواتی نے قومی اسمبلی انتخابات (ترمیمی) آرڈیننس 2019ءمیں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد ایوان میں پیش کی کہ قومی اسمبلی انتخابات (ترمیمی) آرڈیننس 2019ءنمبر ایک بابت 2019ءمیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 89 کی شق دو کے پیرا الف کے ذیلی پیرا دوئم کے جملہ شرطیہ کے تحت یکم مئی 2019ءسے مزید 120 دن کی توسیع کا فیصلہ کرتی ہے۔ سید نوید قمر نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس صرف ہنگامی بنیادوں اور ضروریات کے مطابق ہوتا ہے۔ یہ ناقص طرز حکمرانی کی مثال ہے۔ چار ماہ میں اس پر کام کیوں نہیں ہوا،یہ آرڈیننس پارلیمانی نظام کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ یہ آرڈیننس فاٹا کی حلقہ بندیوں سے متعلق ہے اس پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی آچکی ہے، یہ اب سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں جائے گی اور اس کے نکات کا وہاں جائزہ لیا جائے گا۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی۔

وی این ایس اسلام آباد