اسلام آباد ، 27 اگست (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بن چکے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری کو ڈومور کرنا ہو گا، وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال پر قوم سے خطاب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا، کابینہ نے جمعہ کو کشمیریوں سے یکجہتی کے وزیراعظم کے اعلان کی توثیق کی، کشمیر سے متعلق فوکل گروپ جس میں اپوزیشن کی بھی نمائندگی ہے، اس کا ایک اجلاس ہو چکا ہے، کابینہ اجلاس میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وزیراعظم کے پوری قوم کی آواز بن کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کے جذبہ کو کابینہ نے سراہا، اس اجلاس سے قبل ہر ہفتے میں ایک دن کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم یک زبان ہو کر کھڑی ہو گی اور اس کو مختلف رنگ دیئے جائیں گے، ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ آدھا گھنٹہ کشمیر کاز کیلئے وقف کریں گے، ہندوستان کو قومی یکجہتی کی شکل میں جواب دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے عوام کو دیئے جانے والے ریلیف کے حوالہ سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، وزارت خارجہ کی جانب سے عوام کو دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں آسانی سمیت دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کو کاشتکاروں کی بہتری کیلئے فعال کیا جائے گا، پیشنگوئی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے بھجوائے جانے والے ترسیلات زر پر لی جانے والی بینک فیس ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والی بسوں میں خصوصی افراد کیلئے نشست مختص کی جائے گی۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے کابینہ کو بتایا گیا کہ 80 ارب روپے ہائوسنگ سکیم کیلئے سیڈ منی کے طور پر موجود ہیں۔
کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کی فحش ویڈیو بنانے والوں اور ان کے استحصال پر سخت سے سخت سزائوں کا قانون وضع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان کا امدادی ادارہ جائیکا پانی کی پائپ لائنوں کو سیوریج کی لائنوں سے محفوظ رکھنے کیلئے گرانٹ دے گا۔ وزیر مذہبی امور کی جانب سے کابینہ کو بتایا گیا کہ ہر سال 7 لاکھ سے زائد زائرین ایران، عراق کا ویزا لیتے ہیں، مذہبی سیاحت کا مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ فروغ کیلئے پالیسی مسودہ جلد سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے کابینہ کے سامنے ریلوے کی کارکردگی رکھی، 75 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے سال میں چار ریلوے ٹکٹ مفت دیئے جا رہے ہیں۔
وی این ایس، اسلام آباد











