اسلام آباد ، 2 اکتوبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کامظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارات کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں دوست ملک چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ ان کا آئندہ چند روز میں چین کا دورہ اور چینی قیادت سے ملاقاتیں پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں ممدومعاون ثابت ہوں گی۔
اجلاس میں وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل پے منٹ، بیٹری سٹوریج ریسرچ، زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ، ڈرون ٹیکنالوجی، سولر سیل مینوفیکچرنگ اور نباتات و حیوانات سے متعلق ریسرچ جیسے اہم شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کے اہم شعبوں کی ترقی کے لئے پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔ وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت اور مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے سی پیک کے اہم منصوبے مین لائن۔ون (ML-1) پر اب تک کی پیش رفت اور منصوبے کے ممکنہ ثمرات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اوردیگر سینئر افسران نے بھی شرکتِ کی۔
وی این ایس، اسلام آباد











