ریڈیو پاکستان میرپور،مقبوضہ کشمیر کی محصور عوام کودنیا کی آواز پہچانے کا واحد ذریعہ ہے : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

160

میرپور، 02اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان  نے   کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان آزاد کشمیر کی آواز سرینگر  تک جاتی  ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی محصور عوام  پر ذرائع ابلاغ  کے  تمام  ذرائع بند ہیں اس  صورتحال میں  ان تک  دنیا کی آواز پہچانے  کا  واحد  ذریعہ ریڈیو پاکستان  ہے اور تمام ہتھکنڈوں کے باوجود ہندوستانی حکومت  اس  آواز کو  نہیں دبا سکی  ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے بدھ کو  یہاں ریڈیو پاکستان آزاد کشمیر کے دورہ کے دوران  کیا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلے میں میر پور آزاد کشمیر ریڈیو کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ، ریڈیو میر پور نے کنٹینر میں اپنی نشریات جاری رکھیں ہوئی ہیں۔

معاون خصوصی  برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو  پیغام  دینا چاہتی ہوں کہ وزیر اعظم  عمران خان اور پاکستان کی بائیس کروڑ عوام  آ پ کیساتھ سیسہ  پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں،آپ کے حوصلوں کو داد  اور آپ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر کی عوام  اپنے لہو سے آزادی کی  جو تاریخ لکھ  رہی ہے  اس  پر ہمیں آپ پر فخر ہے، انشاءاللہ  آپ کی  قربانیاں  رائیگاں  نہیں جائے گی اور وہ دن  دور نہیں جب ظلمت کی سیاح رات ختم ہو گی اور  آزادی کا سورج  طلوع ہو گا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ  پاکستانی حکومت  مقبوضہ  کشمیر کے عوام  کی حمایت ہر صورت جاری  رکھے گی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد