پاکستان عمان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

131

اسلام آباد، 7 جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان عمان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں خصوصاً تجارت میں فروغ دینے کی ضرورت ہے، اوورسیز پاکستانی عمان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو عمان کے وزیر مذہبی امور شیخ عبداﷲ بن محمد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عمان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مشترکہ ثقافت، تاریخ اور ورثہ پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو باہمی مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خطہ میں امن دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے، پاکستان خطہ میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لا رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی عمان کی ترقی میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پاکستان میڈیسن، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اکاﺅنٹینسی، تعلیم اور تکنیکی کام کے شعبوں میں غیر ہنرمند کے ساتھ ساتھ انتہائی پیشہ وارانہ افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے طلباءکے تبادلے کے پروگراموں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور سیمینارز کے انعقاد پر توجہ دیں۔ اس موقع پر عمان کے وزیر نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ملک کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کے ملکی ترقی اور خطہ میں امن کے وژن کی تعریف کی۔

وی این ایس اسلام آباد