ڈاکٹر فردوس عاش اعوان کا کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کی مناسبت سے تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال

252

اسلام آباد ، 7 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاش اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی سیاہ کاریاں دنیا پر بے نقاب ہو رہی ہیں، بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے، وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں کشمیر کے سفیر ہیں، بھارت کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے، کشمیریوں کے ساتھ ہمارا دل کا رشتہ ہے، کشمیری بھائیوں کی تکالیف کو نہیں بھولے، ہمیں عالمی برادری کے ضمیر کے جھنجھوڑنا ہوگا، ترک وزیر اعظم رجب طیب اردگان مظلوم کشمیریوں کا موقف دنیا کے سامنے پیش کرتے رہے ہیں، مودی نے اب حماقت کی تو یہ اس کی آخری غلطی ہوگی، کشمیر کے بارے میں تصویری نمائش سے پاکستان کے 22کروڑ عوام کے جذبات کی عکاسی کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز اور نظریہ پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ایوان قائد ایف نائن پارک میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کی مناسبت سے تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تصویری نمائش کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کو دکھایا گیا ہے، تصویری نمائش سے دنیا مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ ہوگی، تصویری نمائش سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عیاں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں کشمیر کے سفیر ہیں، انہوں نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھا ہے، میر پور میں اپنے جلسے کے دوران بھی انہوں نے مودی کی گیدڑ ببھکیوں کا بھرپور جواب دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے نہ صرف سفیر بلکہ ان کے وکیل اور ترجمان بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے حماقت کی تو یہ اس کی آخری غلطی ثابت ہوگی، بھارت کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے، بھارتی افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنا ہوگا۔ ڈاکٹر فردوس عاش اعوان نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی، ترکی پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے، انہوں نے ہر پلیٹ فارم پر نہ صرف پاکستان بلکہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے، ترک صدر کو پاکستان آمد پر بھر پور استقبال کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کو مسلم امہ کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی اجازت دی تھی، انہیں اپنی رپورٹس بھجوانی چاہئیں کیونکہ جب بھی ان سے رپورٹیں مانگیں تو وہ چھٹی بھجوا دیتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ مریم نواز کو بھی برطانیہ جانے کی اجازت مل جائے، ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ملک میں غریب اور امیر کے لئے قانون الگ نہیں ہونا چاہیے، اگر امیر کی بیٹی کو ریلیف ملتا ہے تو پھر غریب کی بیٹی کو بھی ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہماری خواتین مصوروں نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر میں بربریت اور ظلم کی لمبی داستانیں رقم کی جا رہی ہیں، آج دنیا کے سامنے مودی مائنڈ سیٹ بے نقاب ہوچکا ہے اور دنیا بھارت کا اصل مکروہ چہرہ دیکھ چکی ہے، کشمیریوں کے اس درد کو ہمارے آرٹسٹوں نے محفوظ کیا اور اپنی پینٹنگز کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سوچ کو مصوری میں منقتل کرنا ایک مشکل کام ہے، جو ان آرٹسٹوں نے احسن انداز میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصویری نمائش دختران کشمیر اور برسر جدوجہد کشمیریوں کو دنیا کے سامنے دکھانے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تصاویر میں جہاں بھارتی دہشت گردی کو دکھایا گیا ہے وہاں کشمیر کے حسن کو بھی خوبصورت انداز سے اجاگر کیا گیا ہے اور ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ بھارت کے ظلم کی سیاہ رات اب ختم ہونے والی ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد