ریکوڈک 20فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ریکوڈک کے مائننگ ایریا کا دورہ کیا، وہ ریکوڈک کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں۔ ریکوڈک پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل مائنز، ان کی ٹیم اور علاقے کے عمائدین نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مائننگ ایریا کا جائزہ لیا جہاں انہیں سیکریٹری معدنیات نے بریفنگ دی، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مائننگ ایریا کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مقامی عمائدین سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ضلع چاغی اور ریکوڈک کی پسماندگی سے بخوبی آگاہ ہیں، ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ اور قدرتی وسائل بلوچستان کے لوگوں کی میراث ہیں، انہوں نے کہا کہ چاغی کا شمار ان خطوں میں ہوتا ہے جو انتہائی قیمتی معدنیات سے مالامال ہیں اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث چاغی سینٹرل ایشیاء ایران اور یورپ کو ملانے کا گیٹ وے ہے۔ وزیراعلیٰ نے عمائدین یقین دلایا کہ ریکوڈک اور ضلع چاغی کے تمام بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور علاقے کے قدرتی وسائل کو بلوچستان کے عوام اور مقامی آبادی کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے بروئے کار لایا جائے گا۔
اےپی پی/اسرار











