تفتان20فروری (اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعرات کے روز پاکستان ہاؤس کے معائنہ کے موقع پر وہاں موجود زائرین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زائرین کو سہولیات اور تحفظ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جس کے لئے خطیر فنڈز صرف کئے جارہے ہیں، اس موقع پر زائرین کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی گئی۔دورہ تفتان کے موقع پر نو تعمیر شدہ اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا جہاں انہیں سیکریٹری اسپورٹس عمران گچکی کی جانب سے اسٹیڈیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی وترویج صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہر ضلع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، وزیراعلیٰ نے زیرتعمیر ریسٹ ہاؤس کا معائنہ بھی کیا، سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔











