پشاور، 24فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبرایوب خان نے ضلع اورکزئی میں کیڈٹ کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی فراہمی ہماری حکومت کے منشور کا حصہ ہے اور تعلیم کو عام کرکے ترقی لانے کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔
یہ اعلان صوبائی وزیر نے آج ضلع اورکزئی اور سب ڈویژن غلجو کے دورہ اور بعدازاں قبائلی گرینڈ جرگے سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اکبرایوب خان نے غلجو میں اورکزئی انڈر 21 گرینڈ سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹول کا افتتاح بھی کیا ۔
سپورٹس فیسٹول کی تقریب اور گرینڈ قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے اکبرایوب نے نئے ضم شدہ اضلاع میں چارہزار نئےاساتذہ بھرتی کئے جائیں گے جس میں ضلع اورکزئی کیلئے616 اساتذہ بھرتی کریں گے۔ اسکے علاوہ تمام نئے ضم شدہ اضلاع میں بچوں اور بچیوں کو ماہانہ ہزار روپے وظیفہ بھی دیاجائیگا اور دس کروڑ روہے کی لاگت سے ضلع اورکزئی کے سکولوں میں چار دیواری، لیٹرین، بجلی، پانی اورسولرسسٹم لگائیں جائیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے ہنگو ٹو غلجو روڈ کو ہائی وے کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
سپورٹس فیسٹول میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی واصل خان، ڈی آئی او سید زاہد اللہ شاہ، اے سی اپر اورکزئی حیدرحسین اور سابق وفاقی وزیرغازی گلاب جمال، قبائلی مشران، نوجوانان اور سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
وی این ایس، پشاور











