پاک فضائیہ  کیجانب  سے بھارتی طیارے مگ 21 کے میزائلز کی نمائش، آر 73 آرچر اور آر 77 ایڈر دکھائے گئے

147

اسلام آباد ، 24 فروری  (اے پی پی ): پاک فضائیہ کی جانب سے گذشتہ سال بھارتی طیاروں کو مار  گرانے کی یادیں ‏تازہ  کرتے ہوئے   پیر کو یہاں  بھارتی طیارے مگ 21 کے میزائلز ‏کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ‏ نمائش میں بھارتی طیارے مگ 21 کے میزائل آر 73 آرچر ‏اور آر 77 ایڈر دکھائے گئے،نمائش میں رکھے گئے  2 میزائل درست حالت میں ‏اور 2 میزائل کے کچھ حصے جلے ہوئے تھے۔

بھارت کا جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب کرتے ہوۓ نمائش سے ثابت کیا گیا کہ بھارتی طیاروں سے میزائل داغے ہی نا جاسکے تھے کہ پاک  فضائیہ کے شاہینوں نے انہیں گرا دیا۔

‏قبل ازیں پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے  سربراہ ائیر کموڈور سید احمر رضا اور اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف ائیر کموڈور سید  عمر شاہ نے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مُختلف تصاویر اور ویڈیوز کی ذریعے بھارت کے چار زمینی اور تمام فضائی اہداف دکھائے  گئے جنہیں پاک فضائیہ نے مکمل لاک  کیے  رکھا تھا۔ بریفنگ میں میزائل ماہرین کے تجزیات بھی دکھائی گئی  جن کے مطابق چاروں میزائل  مِگ21 سے فائر نہیں کئے جاسکے ‏تھے، میزائل فائر نہ ہونے سے بھارت کا پاکستانی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ ‏جھوٹا ثابت ہوا۔

ائر کموڈور سید عمر شاہ نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دشمن فضائیہ کو مکمل اور موثر جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی استعداد کی ایک جھلک “آپریشن  سافٹ ریکارٹ” میں نظر آئی۔ ائیر کموڈور سید احمر نے بتایا کہ بھارت نے جھوٹ کا سہارا لے کر پراپیگنڈہ کرنا چاہا مگر ناکام رہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی استعداد پہلے سے کئی گنا ذیادہ بڑھ چُکی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 26فروری 2019کو بالا کوٹ میں ایک جھوٹا آپریشن کیا گیا تھا ‏جس کے جواب میں 27 فروری کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ “ابھی نندن” گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ نمائش میں ابھی نندن کے جہاز کی وہ سِیٹ بھی رکھی گئی جس سے وہ ایجیکٹ ہوکر پاک سرزمین پر آ گرا تھا۔ ایجیکٹ سِیٹ اور میزائلوں کے کوڈ بھی نمایاں تھے جن کی تصدیق با آسانی کی جاسکتی ہے۔

وی  این ایس،  اسلام آباد

Download Video