موجودہ دورِ حکومت میں نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ اندرون ملک کئی شعبوں میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں: وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس   کو بریفنگ

171

اسلام آباد ، 24فروری  (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت   ملک کا تشخص اور  نئے پاکستان کی شناخت  کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس  میں بتایا  گیا کہ موجودہ  دورِ حکومت میں نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ اندرون ملک کئی شعبوں میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شناخت پر فخر محسوس کرنے لگے ہیں ۔

پیر کو ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ کئی دہائیوں کے بعد آج پاکستان کسی اور کی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ دنیا میں امن کے فروغ میں متحرک پارٹنر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس  میں بتایا گیا کہ  اس ضمن میں افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار، مسلم امہ میں اتحاد کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان کی کاوشیں،  ملک اور خطے کی ترقی کے لئے سی پیک منصوبے میں چین کے ساتھ پارٹنر شپ اور عالمی طاقتوں کی جانب سے علاقائی امن میں کردار کا اعتراف بدلتے پاکستان کا عکاس ہے جبکہ نیا پاکستان مسلم امہ کے مابین اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی معید  یوسف اور سینٹر فیصل جاوید  نے شرکت کی ۔

وزیرِ اعظم نے معاون ِ خصوصی برائے اطلاعات کو ہدایت کی کہ پاکستان کے اصل تشخص کو ملکی اور عالمی سطح  پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے،موجودہ دورِ حکومت میں سی پیک کو وسعت دیکر کئی اہم شعبہ جات اس اہم منصوبے میں شامل کیے گئے جس سے نہ صرف تعمیر و ترقی کا سفر تیز ہوا ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

اجلاس میں  بتا یا  گیا  کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نئے پاکستان میں ان معاملات پر توجہ دی جا رہی ہے جو ماضی میں یکسر نظر انداز کیے جاتے رہے۔ ان میں ماحولیات کے تحفظ  کے لئے اقدامات  اوراسلام  فوبیا کے خلاف موثر آواز بلند کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیرِ اعظم پاکستان نے منی لانڈرنگ کے عفریت کے خلاف اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ  اندرونی سطح پر ترقی کے سفر میں تمام طبقات کو شامل کیا جانا، کمزور اور ناتواں طبقات کے لئے جامع سماجی تحفظ کے پروگرام کا اجرا اور ریاست کی جانب سے کمزور اور غریب طبقے کی کفالت کا سہرا موجودہ حکومت کے سر ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جہاں بھارت میں اقلیتوں کے لئے زمین تنگ کر دی گئی ہے وہاں حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا نہ صرف تحفظ کر رہی ہے بلکہ انکے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے کرتار پور جیسے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک وزیرِ اعظم نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کے لئے آواز اٹھائی اور ساڑھے آٹھ  ہزار  سے زائدپاکستانیوں کی واپسی یقینی بنائی، آج کا پاکستان  عالمی سطح پر خوددار پاکستان کے طور پر  ابھر رہا ہے۔

وی این ایس اسلام آباد