وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس : زائرین کو انکے صوبوں کے حوالے کرنیکا فیصلہ، بائیو میٹرک حا ضریاں معطل

125

کوئٹہ 12 مارچ (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام، تدارک، احتیاطی تدابیر اور زائرین کی ان کے متعلقہ صوبوں میں واپسی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کو تفتان اور ہزارگنجی میں زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں، ان کی اسکریننگ اور پی سی آر ٹیسٹ کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاوکی صورت میں قرنطینہ، آئسولیشن وارڈز کے قیام اور پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت میں اضافے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، سیکریٹری صحت نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ فیز ون میں شیخ زید ہسپتال کے ہاسٹل میں دس رومز اور 50بستروں کے وارڈز اور فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے جارہے ہیں،دالبندین، چمن اور گوادر میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم کئے جارہے ہیں جبکہ چمن میں کم از کم پندرہ سو افراد کے لئے قرنطینہ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ اداروں میں بائیو میٹرک حاضری ایک ماہ کے لئے معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔، تفتان میں پی ڈی ایم اے نے 2500ٹینٹ پر مشتمل ویلیج قائم کیا ہے اور زائرین کو خوراک اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں، تفتان میں پاک فوج کے ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ایک میڈیکل بٹالین بھی تعینات کی جارہی ہے۔ اس موقع پر پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پی سی آر ٹیسٹ کٹس کے حصول اورزائرین کی واپسی کے حوالے سے وزیراعظم اور دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے بھی رابطہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کرونا کے چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کو درکار فنڈز اور وسائل کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، سدرن کمانڈ کے حکام، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اےپی پی/فاروق