وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کرونا وائرس کے موثر تدارک کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی

162

پشاور، 12مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلق اجلاس میں کرونا وائرس کے  موثر تدارک کیلئے وزیر اعلی کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دیدی گئی ہے .

اس سلسلے میں کل صبح کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں کرونا وائرس کے موثر روک تھام کیلئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ کابینہ اجلاس میں سکولوں کی بندش اور دیگر سیاسی و سماجی رابطوں پر جزوی پابندی کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔

طورخم بارڈر کی بندش کا معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں لیکن احتیاطی تدابیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام خوف ہراس کا شکار ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

اے پی پی /صائمہ حیات/ریحانہ