پشاور،29مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے محکمہ خوراک کے پاس اس وقت ایک لاکھ 80 ہزار ٹن گندم موجود ہیں جو اس سال مئی تک کافی ہے اور پنجاب سے بھی روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر علی خیبر پختونخوا نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے محکموں اور اہلکاروں کو خصوصی پیکج دینے کا عندیہ دیا ہے اسکے علاوہ موجودہ حالات میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کو بھی خصوصی پیکج دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اسی سلسلے میں صوبہ بھر میں حفاظتی سامان کی تقسیم جاری ہے،صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک 2 لاکھ 71 ہزار 740 ماسک تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ سول ڈیفنس رضاکاروں کے زریعے 2 ہزار لیٹر سینٹائرز و دیگر ضروری سامان شوکور، ائی وی کینولہ اور سرجیکل کیپ بھی عوام میں مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے پچاس ہزار N 95 ماسک کل پشاور پہنچ جائیں گے جو کہ کراچی سے روانہ ہوچکے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو بڑھایا جارہا ہے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور پرائیوٹ ہسپتال آر ایم ائی کو بھی کورونا ٹسٹ کرانے کی اجازت دی گئی ہے اسکے علاوہ ڈی آئی خان، مانسہرہ ،ایبٹ آباد اور بنوں سمیت دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں کورونا ٹسٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ ذخیرہ اندوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا اور مصنوعی مہنگائی کو کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اس حوالے سے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
اس موقع پر مشیر اطلاعات نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ اداروں اور ضروری سروسز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بنیادی ضروریات فراہم کرنے والے سٹورز اور محکمے کھولے رہیں گے اسکے علاوہ تمام محکمے ، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /حامد











