اسلام آباد ،30 مارچ (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو جن حالات کاسامنا ہے ،دنیا کی تاریخ میں انوکھی صورتحال ہے جس وقت پوری دنیا ایسے امتحان سے گزر رہی ہے ، جس میں دنیا کی بڑی سے بڑی سائنس، ٹیکنالوجی، اکانومی اور بڑی سپر پاور اس کے سامنے بے بس ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی طاقت کے سامنے کوئی طاقت نہیں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عوام سے درخواست کی کہ حکومت اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل درآمد کریں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کا خاص خیال رکھیں، اپنے ہاتھ بار بار دھوئیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں،اپنے گھروں میں رہیں۔اور اپنے بچوں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری عوام سے درخواست ہے کہ 10 سے 15 روز کے لیے اپنے معمولاتِ زندگی کو تبدیل کریں۔ اس بیماری سے لڑنے کا صررف ایک ہی راستہ ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
اے پی پی /ڈیسک/نورین











