ملتان، 31 مارچ(اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں جبکہ قرنطینہ مراکزمیں کام کرنیوالے رضا کار، سینٹری ورکرز، پولیس، ریسکیو اہلکار اور فوجی اہلکار بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں ،حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود وباءکے چیلنج کا مقابلہ بہتر انداز میں کر رہی ہے۔
منگل کو یہاں قائم قرنطینہ مرکز کے دورہ کے موقع پر وہاں موجود ایران سے آئے زائرین سے بذ ریعہ ساونڈ سسٹم خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں مقیم افراد انتہائی کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں،میں آپ کے صبر،حوصلے اور ہمت کی داد دیتا ہوں۔3اپریل کو زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے،کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ نیگٹیو آنے والے زائرین کو گھر بھیج دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اہلیان ملتان نے زائرین کو دل کھول کر خوش آمدید کہاہے۔ملتان انتظامیہ آپ کی بھرپور میزبانی کر رہی ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے مسئلہ سے دوچار ہے، دنیا کو ایک بہت بڑے امتحان کا سامنا ہے۔
اس موقع پر وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک، ملک عامر ڈوگر، مخدوم زین قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک بھی ہمراہ تھے۔
اے پی پی /ملتان /حامد











