لاہور،02اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں کوویڈ 19کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ سمیت اشیائے ضروریہ کی ہوم ڈیلیوری کے نظام کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری نرخوں کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے سٹورزاور دُکانیں سیل کر دی جائیں گی۔پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے والے سٹور مالکان اور دکان مالکان کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حکومتی مشینری صوبے میں ہر جگہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی 808روپے میں دستیابی یقینی بنائے۔ غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ سپلائی مینجمنٹ کمیٹیاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی پر نظر رکھیں۔اجلاس میں قیمت ایپ پنجاب اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور تمام ڈویژنل کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اے پی پی /لاہور/قرۃالعین











