اسلام آباد ، 02 اپریل (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ توانائی کے شعبے سے متعلقہ مسائل کا پائیدار حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، توانائی کے شعبے سے متعلقہ مسائل عوام کی زندگیوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان معاملات کے حل کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔
گیس کے شعبے میں حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ نظام میں موجود خرابیوں اور دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لا کر ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے ۔لہذا ،اس شعبے میں اصلاحات کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ گیس کے محدود ذخائر اس بات کے متقاضی ہیں کہ ان وسائل کا بہترین اور منافع بخش استعمال یقینی بنایا جائے-انہوں نے کہا کہ ایسے علاقوں جہاں قدرتی گیس کی فراہمی ممکن نہ ہو وہاں ایل پی جی کی دستیابی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کی روزمرہ کی ضرورتیں باآسانی پوری ہو سکیں اور جنگلات کی کٹائی کی حوصلہ شکنی ہو۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو گیس کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کی، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو توانائی خصوصاً گیس کے شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گی –
معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کی صورتحال پر تفصیلی بریف کیا۔معاون خصوصی نے بتایا کہ اس وقت ملکی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اورذخیرے کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ اجلاس کے دوران ملک میں موجود ریفائنریز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اب تک کی پیش رفت وزیر اعظم کو پیش کی گی-
اجلاس میں وزیرِ توانائی عمر ایوب،وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور سینئر افسران شریک ہوۓ –
اے پی پی/ عمار برلاس /قرۃالعین











