وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس

120

کوئٹہ،04 اپریل (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت کورونا وائرس  کی روک تھام،طبی آلات کی خریداری،فوڈ سیکیورٹی اور مستحقین کو راشن کی فراہمی سے متعلق امور کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا،اجلاس میں  مستحقین اور دہاڑی دار طبقہ کو راشن پیکج کی فراہمی کے لیے 700 ملین روپے کی اجراءکی منظوری دی گئی،فوڈسیکیورٹی کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں صوبہ بھر میں 1لاکھ 50 ہزار مستحق خاندانوں میں راشن پیکیج کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو مالی معاونت کی فراہمی کے پرگرام کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے مستحق افراد کو پروگرام کی رجسٹریشن اور اس سے استفادہ کے لیے آگاہی فراہم کی جائےگی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے ساتھ ساتھ سب سے اہم ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کے زریعہ ان کا تحفظ اور دہاڑی دار طبقے کو راشن اور معاونتی پیکج کی فراہمی ہے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے اقدامات کے لیے جاری کیے گئے فنڈز کے صیح اعداد وشمار دیے جائیں تاکہ فنڈز کے استعمال کے حوالے سے عوامی حلقوں میں کسی قسم کا منفی تاثر پیدا نہ ہو۔

اجلاس میں صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی ،میر سلیم احمدکھوسہ، میر ضیاءلانگو ،چیف سیکریٹری اور سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

اے پی پی /کوئٹہ/حامد