دس روز میں تمام بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں، اسد قیصر

210

اسلام آباد، 10 اپریل (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  کہا  ہے کہ حکومت مشکل  کی اس  گھڑی میں   اورسیز پاکستانیوں کیساتھ کھڑی ہے، پارلیمنٹ اورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، حکومت بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے فلائٹ آپریشن چلا رہی ہے، دس روز میں تمام بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

جمعہ کو  جاری اوورسیز پاکستانیوں کے لئے  اپنے  ویڈیو پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے  بیرونی ملک  پھنسے  پاکستانیوں کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی  اور کہا کہ پیر کو سول ایوی ایشن کے وزیر اور پی ائی اے سمیت متعلقہ حکام کو طلب کرلیا گیا ہے،دنیا میں جہاں پاکستانی بھائی پھنسے ہیں ان تک پہنچیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ حکومت کی کوشش ہے  کہ  زیادہ سے زیادہ فلائٹس چلائی جاسکیں،  ایک ذیلی کمیٹی تمام امور کا جائزہ لے رہی ہے، کمیٹی مسلسل بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کام کررہی ہے، اس حوالے سے  پاکستانی سفارتخانوں کو فعال کرنے کی ہدایات کردی  ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ  تبلیغی جماعت کے بھائیوں اور زائرین کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

اے پی پی /صائمہ /حامد