ملتان،13اپریل(اے پی پی):کورونا وائرس کے خدشہ کےپیش نظرنشترہسپتال کے وارڈز کی سٹرلائزیشن کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں،کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے علاج کے لئے مختص وارڈز نمبر26, 27 اور 28کی ڈس انفکشن مکمل ہو چکی ہے اورگیلریوں،واش رومز،نرسنگ اسٹیشنز اور ڈاکٹر آفسز کو جراثیم کش پانی سے واش کر دیا گیا ہے جبکہ ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور دیگروارڈز کی ڈس انفکشن کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف قوم کے مسیحا ہیں،کورونا وائرس کا شکار مریضوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر قوم کو ناز ہے جبکہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی خدمات کا پوری قوم اعتراف کرتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کورونا وائرس مریضوں کو ریسکیو کرنے، تدفین اور ڈس انفکشن سپرے میں اول دستے کاکردار ادا کررہا ہے،ریسکیواہلکار ہمارا فخر ییں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کرنیوالے ایک ایک کارکن کو سلام پیش کرتا ہوں، کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی تاریخ میں سینٹری ورکرزاور سول ڈیفنس رضا کاروں کا کردار ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔
اے پی پی /ملتان/نورین











