وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی سپورٹس کملیکس میں قائم فیلڈ ہسپتال کا دورہ، محکمہ صحت،انتظامیہ کو ریکارڈ مدت میں تکمیل پر شاباش دی

117

راولپنڈی،14اپریل (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج راولپنڈی سپورٹس کمپلیکس میں قائم 130 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے فیلڈ ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ دورے میں موجود تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ریکارڈ مدت میں فیلڈ ہسپتال بنایا  ہے،اس فیلڈ ہسپتال میں بستروں کی تعداد 300 تک بڑھائی جا سکتی ہے،  ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی سہولت کے لئے بھی ہسپتال میں ہر طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں۔فیلڈ ہسپتال میں نرسنگ سٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے اور ہرمریض کے لئے الگ بیڈ کا انتظام کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا اور ہسپتال  کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی  (قرنطینہ سینٹر) سے منسلک کیا گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو شاباش دی اور عوام سے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن و انفراسٹرکچر،ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اے پی پی /حمزہ /حامد