کوئٹہ، 16 اپریل (اے پی پی) : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبہ بھر میں مستحقین کو راشن کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کرنے اور ہر مستحق خاندان تک راشن کی ترسیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی نے گندم کی خریداری کے اقدامات کو بھی جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہو ۓ کہا ہےکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکیورٹی اور مارکیٹ میں اشیاء خوردوش کی دستیابی بھی اہم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی بلوچستان نے فوڈ سیکیورٹی اور مختلف زرائع سے طبی آلات کے حصول سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔
سیکریٹری خوراک ، فوڈ سیکیورٹی کمیٹی کے چئیرمین دوستین جمالدینی اور سیکریٹری صحت نے اجلاس کو متعلقہ امور پر بریفنگ دی اور بعض اہم فیصلوں کی منظوری دیتے ہوۓ ان پر فوری عملدرآمد کے آغاز کا فیصلہ کیا ۔
صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمان کھیتران اور چیف سیکریٹری فضیل اصغر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اے پی پی/محمد بلال/قرۃالعین











