اسلام آباد، 16 اپریل (اے پی پی ): ُ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام کی ملاقات ہوی ۔ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی نے فخر امام کو وفاقی وزیر برائے قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اورخصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ پرامید ہوں فخر امام کی قیادت میں وزارت غذائی تحفظ کاشتکاروں کیلئے اہم کردار ادا کرے گی، گندم کی کٹائی کے دوران پورے ملک میں کسانوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں اسپیکر نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی آئندہ بجٹ میں خصوصی توجہ دے کر زرعی شعبے کو ترقی دی جاسکتی ہے، وزرات آئندہ بجٹ کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی قومی غذائی تحفظ،غربت کے خاتمے اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کسان دوست پالیسی زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،ملکی زراعت کی ترقی کا دارو مدار جدید ریسرچ پر ہے، زراعت کے شعبے کی ترقی کےلیے بڑا پیکج ضروری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات کو ملک کی زرعی پالیسی کا حصہ بنا کر کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر زرعی تحفظ فخر امام نے کہا کہ ملک میں خوراک کی کوئی قلت نہیں ،ملک کی زرعی معیشت کو ترقی دینے کے لئے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا،بہتر رابطے کے ذریعے زرعی ترقی کے لیے صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی، بجٹ میں زرعی شعبے کو ترجیح دی جائےگی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر, احسان اللہ ٹوانہ اور شاندانہ گلزار بھی شریک ہوے
اے پی پی /صاءمہ / ریحانہ











