اسلام آباد، 16 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اہم ملاقات کی جس میں اوورسیز ٹائیگرز فورس کے آغاز سے قبل آپریشنل حکمت عملی اور ذمہ داریوں کے تعین پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں طے ہوا کہ اوورسیز ٹائیگرز دنیا بھر میں بیروزگار پاکستانیوں کے کوائف جمع کریں گے اور ویزا ایکسپائر ہونے والے پاکستانیوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے سمیت بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو راشن کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اوورسیز ٹائیگرز سفارت اور قونصل خانوں کے نامزد نمائندگان کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور بیرون ملک وفات پا جانے والے پاکستانیوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کریں گے۔
ملاقات میں 18 اپریل تک حتمی پلان کے بعد اوورسیز ٹائیگرز کی رجسٹریشن کا فوری آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اوورسیز ٹائیگرز کی رجسٹریشن کیلئے پورٹل کا آغاز کچھ دنوں میں کر دیا جائے گا۔ وزارت امور نوجوانان نے وطن پلٹ بیروزگار پاکستانیوں کی روزگار میں مدد کی بھی درخواست کی۔ وزارت اوورسیز بیرون ملک سے واپس آنے والے بیروزگار پاکستانیوں کی لسٹ مرتب کرے گی۔ خصوصی فلائٹ کے ذریعے وطن واپس آنے والے بے روزگار پاکستانی اپنے کوائف ایک فارم پر درج کریں گے۔ یہ لسٹ وزارت امور نوجوانان کو مہیا کی جائے گی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ بیرون ملک وفات پا جانے والے پاکستانیوں کی تدفین کے مسئلہ سے واقف ہوں، اس مسئلہ کیلئے قانونی پیچیدگیوں کو دیکھ رہا ہوں، بیرون ملک پھنسے اور وطن پلٹ بیروزگار پاکستانیوں دونوں کے مسائل زیر غور ہیں۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز ٹائیگر فورس کا آغاز بیرون ملک پاکستانیوں کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کر رہے ہیں۔ وطن پلٹ پاکستانیوں کے روزگار کی فراہمی کیلئے تجاویز بھی زیرغور ہیں۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ اوورسیز ٹائیگرز ایک سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ قومی فورس ہے۔ وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں بھرپور شمولیت پر رضاکاروں کے جذبہ کو سراہتا ہوں۔ قومی یکجہتی اور وزارتوں کے باہمی تعاون سے کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اے پی پی /ڈیسک/حامد











