اسلام آباد ,17 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو آئندہ ہفتے سے ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی، ٹائیگر فورس سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر کام کرے گی، یہ سیاست کا نہیں متحد ہو کر کورونا وائرس کی وباءکا مقابلہ کرنے کا وقت ہے۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کے لئے وزیراعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ اس مراسلے میں متعلقہ حکومتی اداروں اور انتظامی افسران کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے ہدایات ملتے ہی ٹائیگر فورس کو متحرک کیا جائے گا، صوبائی حکومتیں انتظامات مکمل کر کے فورس کو اسٹینڈ بائی پر رکھیں۔ ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کے لئے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد یہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے لئے 10 لاکھ نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہیں۔ وزیر اعظم کے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے پنجاب سے 6 لاکھ 28 ہزار 476، سندھ سے ایک لاکھ 47 ہزار 66، خیبر پختونخوا سے ایک لاکھ 37 ہزار 189، بلوچستان سے 14 ہزار 269، اسلام آباد سے 13 ہزار 990، آزاد کشمیر سے 11 ہزار 556 اور گلگت بلتستان سے 5 ہزار 951 نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ 50 ہزار کے لگ بھگ نوجوانوں نے ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ ، وکلاء، ریٹائرڈ فوجی افسران اور صحافیوں نے اس فورس کے لئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے یہ فورس کام شروع کردے گی۔ پہلے مرحلے میں 17 ہزار کے لگ بھگ طبی عملہ کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ پر مشتمل ٹی او آرز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ یہ فورس راشن کی تقسیم کرنے، مستحق افراد کی نشاندہی، قرنطینہ مراکز کے انتظامات،ورکرز کی ٹرانسپورٹیشن اور موبیلائزیشن، محنت کشوں کاڈیٹاجمع کرنے اور کرونا وائرس کے خلاف آگاہی مہم چلانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ہر رضاکار کوباقاعدگی سے اپنا رضاکار شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا یا ڈیوٹی کے دوران اپنی شناخت مہیا کرنا ہوگی جس آفیسر کے ساتھ ڈیوٹی تفویض کی جائے گی اس کو اپنا تعارف کرانا ہوگا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ میرے علاقے سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی بھی فلاحی سرگرمیوں کے لئے اس ریلیف ٹائیگر کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا متعلقہ اداروں کے ڈیش بورڈ پر موجود ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کو ضرورت کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے اقدامات کررہے ہیں۔
اے پی پی /ڈیسک/نورین











