لاہور،17اپریل(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت کے سیکرٹریز، سی سی پی اولاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں کم از کم ایک اور کورونا وائرس سے متاثرہ اضلاع میں فیلڈ ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ لاہور میں ایک ہزاربیڈز، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور گجرات میں تین تین سو بیڈز، جہلم میں دو سوبیڈز،چکوال اور کیمپ جیل لاہور میں سوبیڈز پرمشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ادویات بالخصوص لائف سیونگ ڈرگز کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے مینیوفیکچررز اور ڈیلرز کیساتھ رابطہ رکھا جائے ادویات کی گراں فروشی بارے عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کے دوران کھلنے والی صنعتوں اور دکانوں پر کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کام کی جگہوں پر ماسک، سینی ٹائزر کی دستیابی، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عدم تعاون اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اے پی پی /لاہور/نورین











