رحیم یار خان ،21 اپریل (اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمارے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکس ناقابل فراموش کردار ادا کر رہے ہیں،پوری قوم اور حکومت کو اپنے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی خدمات پر فخر ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے پریس کانفرنس اور شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال میں ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس وبا کا صرف پاکستان کو نہیں پوری دنیا کو سامنا ہے، حکومت کورونا وائرس سے متعلق کوئی حقائق عوام سے پوشیدہ نہیں رکھ رہی۔کورونا وائرس سے متعلق تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا کہ انڈیا ، بنگلہ دیش، نیپال و دیگر ممالک سے پاکستان زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے، کورونا ٹیسٹ کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں بھی کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے بطور ڈاکٹرز کورونا سے گھبرانا نہیں بلکہ احتیاط کے ساتھ دوسروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اے پی پی /رحیم یار خان/حامد











