مٹیاری،22اپریل(اے پی پی ):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر مٹیاری آفیس پہنچ کر ضلع مٹیاری میں کورونا سے بچاؤ کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات،ہسپتالوں اور آئسولیشن سینٹرز میں سہولیات کی موجودگی، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد، راشن کی تقسیم اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، جمال صدیقی، سدرہ عمران، بلال غفار اور گورنر سندھ کے مشیر امید علی جونیجو ان کے ہمراہ موجود تھے۔تھے۔
گورنر سندھ کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں رقم کی تقسیم کے لئے طے کی گئی حکمت عملی، مستحقین کی تعداد اور سماجی فاصلے سے متعلق متعلقہ افسران سے استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو اور ڈائریکٹر جنرل احساس پروگرام عبدالرحیم شیخ نے گورنر سندھ کو احساس کفالت پروگرام اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع مٹیاری کے تینوں تعلقوں مٹیاری، ہالا اور سعیدآباد میں احساس کیش تقسیم کے لئے 15 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، ضلع مٹیاری میں احساس پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق افراد کی تعداد 78 ہزار 397 ہے اور آج تک 40 ہزار 735 افراد میں رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
ڈی سی آفیس مٹیاری میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ احساس پروگرام کے پہلے مرحلے میں سندھ میں 19.5 ارب روپے غریب اور مسکین خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کا جلد آغاز کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے ملک کے لئے 12 سو ارب روپے کا رلیف پیکیج دیا ہے اور احساس پروگرام بھی اس کا حصہ ہے، یہ رقم قوم کے خزانے سے ہے اور قوم کی امانت ہے اس لئے اس پر کسی بھی قسم کی سیاست نہیں کی جارہی اور نہ ہی کسی کی تصویر لگائی گئی ہے۔
ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ احساس پروگرام، راشن کی تقسیم سمیت جہاں بھی ضرورت پڑی تو حکومت سندھ کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔
بعد میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ میں قائم احساس کیش سینٹر کا دورہ کرکے مستحق افراد میں رقم کی تقسیم کے عمل کا معائنہ کیا، گورنر سندھ نے مستحق افراد میں رقم کی تقسیم کے دوران نظم و ضبط کے کام کی تعریف بھی کی اور احساس کیش حاصل کرنے والے افراد سے ملاقات کرکے سہولتوں سے متعلق استفسار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے احساس کیش پروگرام آپ لوگوں کی مالی پریشانیوں کو کسی حد تک دور کرسکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیش رقم لیتے وقت سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیروں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
اے پی پی /مٹیاری/ھامد











