پشاور، 13 مئی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج لنڈے آخون آباد تھانہ پشتحرہ پشاور میں ہوائی جہازوں کی فلائٹس آپریشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تعمیر کئے گئے پولیس واچ ٹاور کا افتتاح کر دیا۔
پشاور ائیر پورٹ کی بین الاقوامی فلائٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے متصل ائیریا میں 172.519 ملین کی لاگت سے 8واچ ٹاورز کا منصوبہ شروع کیا گیا۔جس میں سے 5ٹاورز مکمل ہو کرپولیس کے حوالے کئے جا چکے ہیں اور چھٹے واچ ٹاور کا افتتاح آج بدست آئی جی پی خیبر پختونخوا کی جانب سے کیا گیا جبکہ دو واچ ٹاورز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے نقشوں اور چارٹوں کے زریعے آئی جی پی کو تعمیر شدہ واچ ٹاور کے بارے میں تفصیلی پریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباََ ایک کینال اراضی پر مشتمل اس واچ ٹاور میں جوانوں کی رہائش سمیت ہر قسم کی جدید سہولیات میسر ہیں جبکہ ٹاور کو نائٹ ویثرن کیمروں ،جدید وائرلس سسٹم سے لیس کرادیا گیا ہے۔ واچ ٹاوروں کی تعمیر سے ہوائی جہازوں کو درپیش لاحق خطرات اورکسی بھی قسم کے ناخوش گوار واقعات رونماہونے کے امکانات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے فیتہ کاٹ کر واچ ٹاور کا باضابطہ افتتاح کیا اور واچ ٹاور کے مختلف حصوں میں گئے اور وہاں پر پولیس جوانوں کو فراہم کئے جانے والے جدید اسلحہ وساز وسامان کا معائنہ کیا۔ آئی جی پی واچ ٹاور کے بالائی حصے پر بھی گئے اور وہاں سے جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ائیر پورٹ سے متصل(funnel) علاقے کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا۔
چیف کپیٹل سٹی پولیس پشاور محمد علی گنڈاپور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اے پی پی/صائمہ حیات/حامد











