بورے والا، 13 مئی(اے پی پی):کورونا وائرس ایک خطر ناک وبا ہے حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے اس سے بچا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال، ایم ایس ڈاکٹر عمران بھٹی، کوونا وائرس سیل کے انچارج ڈاکٹر تصویر حسین اور پی ایم اے بورے والا کے صدر ڈاکٹر خالد محمود چوہدری نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں ،سنیٹائزر اور فیس ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی کے دوران ہماری ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاو کو کم سے کم کرنا ہے، اگر کوئی علامت ظاہر ہو تو گھبرانے کی بجائے فوراً متعلقہ ہسپتال سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ساتھ ایس او پیز بھی جاری ہو چکے ہیں لیکن عوام کرونا جیسی خطرناک وباء سے بے خبر سڑکوں پر بغیر احتیاطی تدابیر کے گھوم پھر رہے ہیں جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ مکمل حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے غیر ضروری طور پر بازار نہ جائیں ،خریداری کے دوران دکان کے اندر داخل ہوتے وقت اور باہر نکلتے وقت سنیٹائزرکا استعمال کریں جبکہ دکان کے اندر بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔
اس موقع پر ڈاکٹر راؤ افتخار احمد، ماہر امراض دل ڈاکٹر محمد آصف اور ڈاکٹرسلیمان یٰسین جوائنٹ سیکرٹری پی ایم اے بورے والا
بھی موجود تھے۔
اے پی پی /اصغر علی جاوید/حامد











