اسلام آباد،16مئی(اے پی پی):جمہوریہ سوڈان میں پھنسے مزید 249 پاکستانی وطن روانہ ہوگئے، پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے ہی اس سے قبل 02 مئی کو 252 پاکستانیوں کو خرطوم سے کراچی بھیجا گیا تھا۔اس موقع پر سوڈان میں پاکستانی سفیر سرفراز سپرا کے ہمراہ سفارت خانہ کے افسران اور اہلکار تمام مسافروں کی سہولت اور انہیں الوداع کرنے کے لئے ائیرپورٹ پر موجود رہے۔
پاکستانی سفیر سپرا نے بتایا کہ اب سوڈان میں پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کل 501 مسافروں میں سے 436 تبلیغی جماعت کے ممبر تھے،اب تمام پاکستانی اپنے اہل خانہ کے ساتھ عیدالفطر منا سکیں گے۔
سفیر نے سوڈان اور دیگر ممالک سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے وعدے کو پورا کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان ٹیم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے خصوصی طور پر سوڈان کی حکومت اور عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاءمیں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
سرفراز سپرا نے تبلیغی مرکز، بلال مسجد خرطوم سے بھی انتہائی خلوص کے ساتھ اظہار تشکر کیا کہ جنہوں نے 436 پاکستانیوں کے قیام و طعام کے تمام اخراجات برداشت کرتے ہوئے دو ماہ سے زائد عرصہ تک انتہائی فراخدلی سے مہمان نوازی کی۔
سرفراز سپرا نے وزارت خارجہ اور پی آئی اے کی انتظامیہ کے تعاون اور خصوصی طور پر وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے انتھک کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
اے پی پی/حمزہ/حامد











